کندھ کوٹ: پولنگ اسٹیشن سے اغوا عملہ بازیاب کروالیا گیا، پولیس

June 26, 2022

فوٹو اسکرین گریپ

کندھ کوٹ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران ایک پولنگ اسٹیشن سے اغوا ہونے والا عملہ بازیاب کروالیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یوسی 28 کے ددڑ پولنگ اسٹیشن سے اغوا عملے کی بازیابی کے لیے پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے عملے کے تمام 10 افراد کو چھوڑ دیا جبکہ پولنگ اسٹیشن پر 7 گھنٹے بعد پولنگ کا عمل بھی دوبارہ شروع ہوگیا۔

خیال رہے کہ سندھ کے ضلع کشمور کے شہر کندھ کوٹ کی یو سی درڑ پولنگ اسٹیشن نمبر 28 نہال جعفری سے پولنگ کے عملے کو اغوا کرلیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق کچے کے بھیو گینگ نے پولنگ کے عملے کو اغوا کیا تھا جبکہ ڈاکو پولنگ کا سامان بھی ساتھ لے گئے تھے۔

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ

واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 14 اضلاع میں میدان سجا، جس میں 21 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہوئے۔

صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔

پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے معرکے میں سندھ کے مختلف ڈویژنز سے 1 ہزار سے زائد امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔