علی زیدی نے پولنگ اسٹیشن میں دھاندلی سے متعلق ویڈیو شیئر کردی

June 26, 2022

فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی زیدی نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشن میں دھاندلی سے متعلق ویڈیو شیئر کردی۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں علی زیدی نے کہا کہ یہ ویڈیو آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی ایک بہترین مثال، لیکن پیپلز پارٹی کے حق میں ہے۔

علی زیدی نے کہا کہ یہ سب کچھ پولیس، الیکشن کمیشن اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناک کے نیچے ہو رہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ کب اور کیسے بدلے گا؟ جب قانون کی پاسداری کی قسم کھانے والے خود ہی قانون توڑ رہے ہوں گے۔

اس سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی زیدی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے دھاندلی مچائی ہوئی ہے، امیدواروں کو گرفتار کیا گیا، الیکشن کالعدم قرار دیا جائے، یہ الیکشن کوئی نہیں مانے گا، الیکشن کے خلاف سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔

علی زیدی نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ نے لاڑکانہ میں جلسہ کیا مگر نوٹس نہیں لیا گیا، الیکشن کمیشن اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش بیٹھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ الیکشن کے دوران خواتین پر بھی تشدد کیا گیا، پی ٹی آئی امیدواروں کے ناموں کے آگے سے بیلٹ پیپر سے انتخابی نشان تبدیل کیا گیا۔