13 رکنی سازشی اتحاد حکومت میں ہے: شیخ رشید

June 27, 2022

شیخ رشید —فائل فوٹو

سابق وزیرِ داخلہ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ 13 رکنی سازشی اتحاد حکومت میں ہے۔

اسلام آباد کی ایف ایٹ کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آج ایک دن میں دو دو عدالتوں میں جا رہا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ عالمی سازش سے عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لائی گئی، عمران خان کی سیاست عدم اعتماد کی تحریک اور سازش سے بڑی ہے۔

سابق وزیرِداخلہ کا کہنا ہے کہ کل سندھ کے انتخابات میں بیلٹ باکسوں کو اٹھا کر لے گئے، نواب شاہ میں تو پریزائیڈنگ افسران کو ہی اٹھا کر لے گئے۔

انہوں نے کہا ہے کہ لاہور اور فیصل آباد کے ضمنی انتخاب میں بہتر انتظامات ہونے چاہئیں، اگر دھاندلی ہوتی رہی تو پاکستان میں انارکی پھیلے گی۔

شیخ رشید کا مزید کہنا ہے کہ کل بھی سندھ میں انتخابات کے دوران 2 افراد مارے گئے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اے این پی کو تو پتہ لگ گیا ہے، ایم کیو ایم کو بھی اب پتہ لگ جانا چاہیے۔