اگلے الیکشن کے بعد مراد علی شاہ نظر نہیں آرہے‘ اپوزیشن لیڈر

June 28, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ ماضی میں صوبائی اسمبلی کے اسی ایوان میں قدآور سیاسی شخصیات بیٹھتی رہی ہیں لیکن آج یہاں موبائل چور گھس آئے ہیں جو ایک خاتون کا دپٹہ کھنچتے ہیں‘ کیا کسی نے یہاں معافی مانگی ‘اسی ایوان میں آج جمہوریت کا قتل عام ہورہا ہے ۔مراد علی شاہ کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد سندھ میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے لیکن اگلے عام انتخابات کے بعد مراد علی شاہ کہیں نظر نہیں آرہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سندھ اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ سندھ اسمبلی میں بجٹ پر پانچویں روز بھی بحث جاری رہی۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آج اسمبلی کے تقدس کوپامال کیا جارہا ہے‘ڈھٹائی سے لوٹوں کو اس طرف بٹھادیا گیا ہے‘ان کا کہنا تھا کہ آر او گردی میں جو الیکشن ہوا اسے نہیں مانتے ۔حلیم عادل شیخ نے کہاکہ معیشت ڈوب چکی ہے ‘الیکشن ہونے دو سب کی چھٹی ہوجائے گی‘انقلاب کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوا ہے ،امن امان تباہ ہے۔اب انتخاب ہوگا یا انقلاب آئے گا۔ اس امپورٹڈ بھکاری حکومت کے ہوتے ہوئے ناممکن ہے کہ جی ڈی پی 5 فیصد سے اوپر جائے۔بتایا جائے کہ پانی نل سے ملے گا یا ٹینکر ز سے ہی پانی خریدنا ہوگا۔جیلوں کا نظام قیدی چلارہے ہیں۔ بجٹ بحث میں حصہ لیتے ہوئے ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ اگر انتخابی سیاست کا سسٹم یہی رہاتو پھر کبھی بھی اس ایوان میں تبدیلی کی امیدنہیں کی جاسکتی۔پچھلی بار بھی وزیر اعظم سات نشستوں پر تھے۔