سابق کپتان جاوید میانداد پاکستان جونیئر لیگ کے مینٹور مقرر

June 30, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان جاوید میاندادکو پاکستان جونیئر لیگ کا مینٹور جبکہ اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی، شعیب ملک اور ڈیرن سیمی کو پی جے ایل کے ابتدائی ایڈیشن کے لیے ٹیموں کا مینٹورز مقرر کردیا ہے۔ پی جے ایل کا پہلا ایڈیشن رواں سال اکتوبرمیں کھیلا جائے گا۔ یہ چاروں نامور کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ میں کپتانی کا تجربہ رکھنے کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر چھ انٹرنیشنل ٹورنامنٹس بھی جیت چکے ہیں۔انہوں نے کُل 1559انٹرنیشنل میچز میں 43057 رنز اسکور کرنے کے ساتھ 992 وکٹیں بھی حاصل کررکھی ہیں۔تین ٹیموں کے مقررہ تینوں مینٹورز پاکستان سپر لیگ سمیت دنیا بھر کی انٹرنیشنل لیگز میں کھیلنے کاوسیع تجربہ رکھتے ہیں، جن کی پی جے ایل کی ٹیموں کے ڈریسنگ رومز میں موجودگی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگی۔سابق کپتان جاوید میانداد لیگ کے مینٹور کی حیثیت سے تمام ٹیموں کے مینٹورز کی سرپرستی کریں گے۔یہ چاروں کرکٹرزلیگ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کی مینٹورنگ کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں پی جے ایل کے ایمبیسڈرز بھی ہوں گے۔پی جے ایل کی باقی تین ٹیموں کے مینٹورز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔