بالوں کی بہتر نشو و نما کے لیے 5 جوسز کون سے ہیں؟

June 30, 2022

ہم صحت مند غذاؤں کو اپنی روزمرہ کی خوراک میں شامل کرکےان کا بہتر خیال رکھ سکتے ہیں

صحت مند، لمبے گھنے اور چمک دار بال کسے پسند نہیں ! لیکن آلودگی، گندگی اور کھارے پانی کے استعمال سے ہمارے بال تیزی سےمرجھاجاتے ہیں۔

ان کا خیال رکھنا اور ان کی حفاظت کرنا ایک مشکل اور وقت طلب کام ہے۔ ان کی دیکھ بھال کے لیے تیل لگانا، بروقت تراشنا، معیاری مصنوعات کا استعمال کرنا وغیرہ شامل ہیں۔ تاہم ہم ایک چیز کو بالکل نظر انداز کردیتے ہیں ، وہ ہے اچھی غذا کا استعمال۔

یوں تو جینیٹکس بالوں کی صحت اور اس کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، لیکن ہم کچھ آسان اور صحت مند غذاؤں کو اپنی روزمرہ کی خوراک میں شامل کرکےان کا بہتر خیال رکھ سکتے ہیں۔

اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان 5 جوسز کو اپنی غذا میں شامل کر سکتے ہیں جو بالوں کی بہتر نشوونما میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

ایلو ویرا جوس

ایلو ویرا معدنیات اور وٹامنز سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس میں وٹامن اے، سی، اور ای ہوتا ہے جو ہمارے بالوں اور جلد کے لیے مفید ہیں۔

ایلو ویرا جوس کے لیے آپ ایک گلاس پانی میں 20 ملی لیٹر ایلو ویرا جیل اور ہم وزن تلسی ملا کر استعمال کرسکتے ہیں۔ اس جوس کو خالی پیٹ پینے سے بہتر نتائج میسر آئیں گے۔

پالک جوس

پالک کے بے شمار فائدے ہیں، اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس بالوں کو گرنے سے محفوظ اسکیلپ (سر کی جلد) کو صاف رکھنے میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔ وٹامن بی اور سی سر کی جلد میں کیراٹین اور کولیجن کی سطح کو بڑھا کر بالوں کی نشوونما کو تیز کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

کھیرے کا جوس

کھیرے اینٹی آکسیڈینٹ سے بھرپور ہوتا ہے جو سر کی جلد کو ہائیڈریشن اور نریش رکھتا ہے جس سے بال تیزی سے بڑھتے ہیں۔ کھیرے کے جوس کے لیے آپ ایک گلاس پانی میں دو کھیرے، پودینے کے پتے، لیموں کا رس اور کالی مرچی ڈال کر بلینڈ کرسکتے ہیں۔ کھیرے میں موجود وٹامن اے سیبم (sebum) پیدا کرنے کے لیے سر کی جلد میں جلد کے غدود کی مدد کرتا ہے۔ یہ سیبم آپ کی سر کی جلد کو زیادہ دیر تک ہائیڈریٹ رکھتا ہے۔

گاجر کا جوس

اگر آپ لمبے اور گھنے بال چاہتی ہیں تو اپنی روزمرہ کی غذا میں گاجروں کا استعمال کریں۔ گاجر میں وٹامن اے اور وٹامن ای موجود ہوتے ہیں جو بالوں کی نشوونما کو تیز کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ یہ بالوں کو وقت سے پہلے سفید ہونے سے بھی بچاتے ہیں۔

آملہ جوس

آملہ وٹامن سی سے بھرپور ہے، جو ایک قدرتی اینٹی آکسیڈینٹ ہے۔ یہ خلیوں کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرکے نئے خلیوں کی نشوونما کو فروغ دیتا ہے۔ آملہ کا رس بالوں کے گرنے کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کر سکتا ہے۔