نیٹو اجلاس دفاع میں بنیادی تبدیلی پر اتفاق کے ساتھ ختم

June 30, 2022

اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں نیٹو کا تین روزہ اجلاس تنظیم کو تبدیل اور مضبوط کرنے کے فیصلوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیٹو کے سیکرٹری جنرل جین اسٹالٹنبرگ نے کہا کہ ہم نے میڈرڈ میں جو فیصلے کیے ہیں وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہمارا اتحاد امن کے تحفظ، تنازعات کو روکنے اور ہمارے لوگوں اور اقدار کے تحفظ کو جاری رکھے گا۔ اس حوالے سے یورپ اور شمالی امریکہ نیٹو میں ایک ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتحاد میں شامل رہنماؤں نے نیٹو کی ڈیٹرنس اور دفاع میں ایک بنیادی تبدیلی پر اتفاق کیا ہے۔ جس میں مضبوط فارورڈ ڈیفنس، مشرقی یورپ میں جنگی صلاحیتوں میں اضافہ اور اعلیٰ تیاریوں والی افواج کی تعداد کو 3 لاکھ سے زیادہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

رہنماؤں نے نیٹو میں مزید سرمایہ کاری کرنے اور مشترکہ فنڈنگ بڑھانے کے علاوہ فن لینڈ اور سویڈن کو نیٹو میں شامل کرنے کی منظوری بھی دی۔ اس کے ساتھ ہی اتحادیوں نے ایک مضبوط جامع امدادی پیکیج کے ذریعے یوکرین کیلئے طویل مدتی حمایت پر مزید اتفاق کیا۔

نیٹو سمٹ کے شرکاء نے ایک نئے نیٹو اسٹریٹجک تصور کی بھی توثیق کی جو کہ اس کے بقول ایک زیادہ خطرناک اور مسابقتی دنیا میں نیٹو کیلئے ایک بلیو پرنٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔ جس کے ذریعے چین اور روس کی جانب سے اپنی معاشی طاقت سمیت مختلف طریقوں سے اپنے اثر و رسوخ میں اضافے کو ایڈریس کیا گیا ہے۔

نیٹو کے سمٹ میں انڈو پیسیفک اسٹریٹجی کے اہم ممالک نیوزی لینڈ، جاپان، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا نے ایک ساتھ شرکت کی۔