کراچی سے ٹیکس وصولی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، ہدف 14، وصول 16 کھرب

July 01, 2022

کراچی / اسلام آباد (نیوز ڈیسک / تنویر ہاشمی) کراچی سے ٹیکس وصولی کا سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، وفاقی حکومت کی جانب سے ہدف 14؍ کھرب 49؍ ارب رکھا گیا تھا تاہم گیارہ ماہ میں کراچی سے تقریباً 16؍ کھرب روپے ٹیکس وصول کیا گیا ۔

علاوہ ازیں ا یف بی آر نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ رواں مالی سال کا 6125؍ ارب روپے کا نیٹ ٹیکس ریونیو حاصل کرلیا۔

جیو نیوز کے مطابق ایف بی آر اعلامیے کے مطابق کراچی سےجولائی 2021ء سے جون 2022ء تک ٹیکس کی وصولی کا سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، وفاقی حکومت کی جانب سے ہدف 14؍ کھرب 49؍ ارب تھا ،گزشتہ سال کےمقابلےمیں 42؍ فیصد زیادہ ٹیکس وصول کیاگیا.

گیارہ ماہ میں کراچی سے 15؍ کھرب 95؍ ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ ادھر اسلام آباد سے تنویر ہاشمی کے مطابق ایف بی آر نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ رواں مالی سال کا 6125؍ ارب روپے کا نیٹ ٹیکس ریونیو حاصل کر لیا اور اور رواں مالی سال22- 2021میںنظر ثانی شدہ 6100؍ ارب روپے کا ہدف عبور کیا اور 25؍ ارب روپے زائد ٹیکس جمع کیا .

اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں ٹیکس ریونیو میں 29.1فیصد گروتھ ہوئی ، گزشتہ برس ایف بی آر نے 4744ارب روپے کا نیٹ ٹیکس ریونیو جمع کیا تھا جبکہ 4996ارب روپے کا مجموعی ٹیکس ریونیو جمع کیا گیا تھا اور اس سال ایف بی آر مجموعی طور پر 6460؍ ارب روپے کا ٹیکس ریونیو جمع کیا اور اس میں سے 355؍ ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی کی گئی ، اس طرح مجموعی ریونیو میں 32فیصد گروتھ ہوئی ، ایف بی آر نے انکم ٹیکس کی مد میں 2278ارب روپے ، سیلز ٹیکس 2525ارب روپے جمع کیا ، کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 1000ارب روپے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 322ارب روپے ریونیو جمع کیا .

رواں برس کی آخری سہ ماہی میں ایف بی آر نے 1741ارب روپے جمع کیے اور ماہ جون میں 763ارب روپے کا ٹیکس ریونیو جمع کیا ، ٹیکس ریفنڈز میں بھی گزشتہ برس کے مقابلے میں 33.3فیصد گروتھ ہوئی ، ماہ جون میں 5800ٹیکس دہندگان کو ریفنڈز دیئے گئے ، گزشتہ برس جون میں 3100ٹیکس دہندگان کو ریفنڈز کی ادائیگی کی گئی تھی۔