سویڈن میں میتھین کی کم مقدار والا گائے کا گوشت متعارف

July 01, 2022

فوٹو، فائل

سویڈن میں گروسری اسٹورز پر گائے کا ایسا گوشت متعارف کروایا گیا ہے جس میں میتھین کی مقدار کم ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، سویڈش گروسری چین ’کووپ (Coop)‘ نے دنیا میں پہلی بار میتھین کی کم مقدار والا گائے کا گوشت متعارف کروایا ہے جو کہ فی الحال صرف سویڈن میں ہی دستیاب ہے۔

اس نئے گوشت میں عام بیف پیکج کے مقابلے میں نمایاں طور پر میتھین کی مقدار کم ہے کیونکہ ایسا گوشت حاصل کرنے کے لیے گائے کو سرخ سمندری گھاس کھلائی جاتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، سویڈن میں صرف منتخب اسٹورز ہی میتھین کی کم مقدار والے گائے کے گوشت سے بنے سرلوئن اسٹیک اور بیف فلٹس فروخت کر رہے ہیں۔

سرخ سمندری گھاس اگانے والی کمپنی وولٹا گرینٹیک کے شریک بانی اور سی ای اوفریڈرک ایکرمین کا کہنا ہے کہ’یہ پہلا موقع ہے کہ کم میتھین والا بیف صارفین کے لیے دستیاب ہے‘۔

وولٹا گرینٹیک نے سویڈش گروسری چین ’کووپ (Coop)‘کے ساتھ میتھین کی کم مقدار والے گائے کے گوشت کی دستیابی کو ممکن بنانے کے لیے شراکت داری کی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق، گائے ہر سال 220 پاؤنڈ میتھین گیس خارج کرتی ہے جو 900 گیلن سے زائد پیٹرول جلانے کے برابر ہے۔

اس اخراج سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور زمین تیزی سے گرم ہوتی جا رہی ہے کیونکہ میتھین گیس، کاربن ڈائی آکسائیڈ سے 80 گنا زیادہ طاقتور ہے۔