امریکا میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا جہاں خودکار ٹیکسی میں سفر کے دوران ایک خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق خاتون یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سان فرانسسکو میڈیکل سینٹر جا رہی تھیں کہ اچانک ان کی طبیعت خراب ہونے لگی۔
کمپنی کے ترجمان کے مطابق کمپنی کی رائیڈر سپورٹ ٹیم نے گاڑی کے اندر غیر معمولی سرگرمی کو محسوس کیا، مسافر سے رابطہ کیا اور فوری طور پر ریسکیو کے لیے ایمبولینس کو اطلاع دی۔
وے مو کمپنی نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ گاڑی نے ہنگامی صورتحال کو کس طرح جانچا، تاہم کمپنی اس سے قبل واضح کر چکی ہے کہ اس کی گاڑیوں میں اندر اور باہر کی نگرانی کے لیے کیمرے اور مائیکرو فون نصب ہوتے ہیں۔
خودکار ٹیکسی نے ماں اور نومولود کو بحفاظت اسپتال پہنچا دیا، ایمبولینس کے پہنچنے سے قبل ہی دونوں میڈیکل سینٹر پہنچ چکے تھے، میڈیکل سینٹر کی ترجمان جیس برتھولڈ نے ان کی آمد کی تصدیق کی۔
اگرچہ یہ واقعہ نایاب ہے، تاہم وے مو کی گاڑی میں بچے کی پیدائش کا یہ پہلا واقعہ نہیں، کمپنی کے مطابق ہمیں فخر ہے کہ ہم زندگی کے چھوٹے اور بڑے ہر لمحے میں مسافروں کے لیے قابلِ اعتماد سواری فراہم کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ وے مو کی بغیر ڈرائیور کی ٹیکسیاں سان فرانسسکو، سلیکون ویلی، لاس اینجلس اور فینکس میں فری ویز اور سڑکوں پر چل رہی ہیں۔