کراچی میں آج شام آندھی اور تیز بارش کا امکان

July 02, 2022

کراچی والے تیار ہوجائیں، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج شام شہر قائد میں آندھی اور تیز بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے اتوار سے منگل کی دوپہر تک کراچی میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور متوقع آندھی کی پیش گوئی کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیشگی حفاظتی اقدامات کے لیے احکامات جاری کردیے ہیں۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ نے متعلقہ اداروں کو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ ممکنہ اربن فلڈنگ اور دیگر خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار رہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کے لیے مشینیں اور عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے، ضرورت مند افراد کی مدد کے لئے ایمرجنسی ہیلپ لائن، اسپتالوں میں بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے جنریٹر اور دیگر انتظامات کئے جائیں۔

ادھر ٹھٹھہ کی ساحلی پٹی اور کیٹی بندر سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہوئی ہے۔ سمندر میں شکار پر پابندی کے باعث ماہی گیروں نے کشتیاں ساحل پر کھڑی کردیں۔

دوسری جانب بلوچستان میں ضلع کوہلو اور وادی زیارت میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔

کوہ سلیمان اور شیرانی میں بھی موسلادھار بارش کے بعد کئی علاقوںمیں پانی جمع ہوگیا۔

پنجاب اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ گلگت بلتستان میں گرمی کی شدت میں اضافے سے گلیشیئرز پگھلنے سے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا ہے۔

غذر بد صوات گلیشیئر پگھلنے سے دریائے غذر میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی، رابطہ پل بہہ جانے سے ایمت کے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔