پہلی سے پانچ جولائی تک کراچی، حیدرآباد، بدین اور ٹھٹہ میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، اس حوالے سے پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ایڈوائزری جاری کردی۔
رپورٹس کے مطابق موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے تین سے پانچ جولائی تک کراچی اور حیدرآباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے سندھ نے متعلقہ اداروں کو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ ممکنہ اربن فلڈنگ اور دیگر خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کیلیے مشینیں اور عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے، ضروت مند افراد کی مدد کے لئے ایمرجنسی ہیلپ لائن، اسپتالوں میں بجلی کی مسلسل فراہمی کیلیے جنرینٹر اور دیگر انتظامات کئے جائیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے ماہی گیروں کو تین سے پانچ جولائی تک سمندر میں جانے سے گریز کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔