ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ انتقال کرگئیں

July 02, 2022

عصمت صدیقی کافی عرصہ سے علیل تھیں

امریکا میں قید پاکستانی خاتون سائنسدانڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ عصمت صدیقی انتقال کرگئیں، اہل خانہ نے بھی انتقال کی تصدیق کردی ہے۔

اہل خانہ کے مطابق عصمت صدیقی کافی عرصہ سے علیل تھیں۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ عصمت صدیقی کی نماز جنازہ بعد نماز عشاء جامع مسجد مدینہ بلاک7 گلشن اقبال (کراچی) میں ادا کی جائے گی۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کون ہیں؟

خیال رہے کہپاکستانی خاتون ڈاکٹر عافیہ صدیقی ایک سائنسدان ہیں جو امریکا کی ایک جیل میں 86 سال قید کی سزا بھگت رہی ہیں، ان پر افغانستان میں امریکی فوجیوں پر حملے کا الزام ہے۔

مارچ 2003 میں دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے اہم کمانڈر اور نائن الیون حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد کی گرفتاری کے بعد ڈاکٹر عافیہ صدیقی اپنے 3 بچوں کے ہمراہ کراچی سے لاپتہ ہوگئیں تھی۔

جس کے بعد 2008 میں امریکی حکومت نے دعویٰ کیا کہ عافیہ کو افغانستان کے شہر غزنی سے گرفتار کر لیا گیا ہے جہاں وہ طالبان کے ساتھ مل کر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی تھیں۔

ستمبر 2010 میں عافیہ صدیقی پر مقدمہ چلایا گیا جس میں الزام لگایا گیا کہ انہوں نے ایک امریکی فوجی سے رائفل چھین کر اُس پر گولی چلائی لیکن وہ بچ گیا۔

امریکی عدالت میں 14دن کے ٹرائل کے دوران عافیہ صدیقی نے بار بار بتایا کہ اُس پر امریکیوں نے تشدد کیا، عدالتی کارروائی میں خلل ڈالنے کے الزام میں انہیں عدالت سے نکال دیا گیا اور صرف اقدامِ قتل کے الزام میں 86 سال قید سنا دی گئی،یہ قید 30 اگست 2083 کو ختم ہو گی۔