• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائی کورٹ میں امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے وکیل آج سماعت کے موقع پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

عدالتِ عالیہ نے درخواست گزار فوزیہ صدیقی کو وکیل کو ساتھ لانے کی ہدایت کر دی۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی سے متعلق کیس میں عدالت نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے وکیل سے 15 مئی کو دلائل طلب کر لیے۔

واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے امریکا میں قید اپنی بہن عافیہ صدیقی تک رسائی سے متعلق درخواست دائر کر رکھی ہے۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ درخواست امریکا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث دائر کی ہے۔

فوزیہ صدیقی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ جو قیدی قتل کے الزام میں گرفتار نہیں امریکا ان کو واپس کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ عافیہ صدیقی ایک سیاسی قیدی ہیں ان کو بھی حکومت پاکستان واپس لائے۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ طبی بنیادوں پر جس طرح سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کو جیلوں سے رہائی دلوائی گئی ہے اسی طرح حکومت پاکستان امریکی عقوبت خانے میں قید ان کی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو بھی کورونا کے پیشِ نظر رہائی دلوائے۔

جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ڈاکٹر عافیہ کی رہائی، وزارتِ خارجہ و دیگر کو نوٹس

یاد رہے کہ امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ کی ایف ایم سی کارزویل جیل میں ڈاکٹر عافیہ 86 سال کی قیدِ تنہائی کاٹ رہی ہیں۔

کورونا وائرس کی وجہ سے اسی جیل سے ریٹا نامی پہلی خاتون قیدی کو رہا کر دیا گیا ہے۔

کارزویل جیل سے رہائی پانے کے بعد ریٹا نامی اس خاتون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے اطلاع دی ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے رہائی پانے والی میں پہلی قیدی ہوں جبکہ اس جیل میں ایک قیدی خاتون کی موت بھی واقع ہو چکی ہے۔

انہوں نے اپنے گھر پہنچنے پر شکر ادا کرتے ہوئے اپنے پیچھے رہ جانے والے دوسرے قیدیوں کے لیے دکھ کا اظہار بھی کیا ہے۔

مذکورہ جیل کے کئی قیدیوں میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ پازیٹو آنے کی اطلاعات بھی موجود ہیں اور کورونا وائرس کی وجہ سے ہی کارزویل جیل سے قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

تازہ ترین