سینئر فنکار انور اقبال کی پہلی برسی پر خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد

July 03, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے ٹیلی ویژن اور فلم کے سینئر فنکار انور اقبال کی پہلی برسی پر خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد گل رنگ ہال میں کیاگیا ،جس میں اقبال لطیف، عبدالواحد کامریڈ، مقبول احمد برفت، نذر حسین، راشد چوہدری، شرافت علی شاہ، صاحبزادی زبات بلوچ، تحریم بلوچ، ریحانہ احسان، پرویز صدیقی، علی حسن، یونس میمن، وحیدر نور، رمضان بلوچ، شیخ لیاقت علی سمیت فدا حسین ملانو نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے انور اقبال کی یادوں کو پیش کیا۔ نظامت کے فرائض نعیم نثار نے سرانجام دیے جبکہ فنکار برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی،۔ اس موقع پر لائژن کمیٹی کے چیئرمین اقبال لطیف نے کہاکہ انور اقبال بہت بہادر انسان تھا، ناقدری کے باوجود کبھی ہمت نہیں ہاری، وہ ایک اچھا اداکار تھا مگر ایسا انسان نہ کبھی ملا اور نہ ملے گا۔عبدالواحد کامریڈ نے کہاکہ انور اقبال ایک عظیم انسان تھے انہوں نے جو اداکاری میں جوہر دکھائے وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کبھی کوئی ڈرامہ دیکھنے نہ آتا تو اس کی خیریت دریافت کرنے گھر چلے جایا کرتے تھے۔ ڈائریکٹر و اداکار نذر حسین نے کہاکہ انور اقبال آج بھی ہمارے درمیان ہے، وہ ایک ہمدرد انسان تھا میں اور انور بچپن کے دوست اور دونوں کو اداکاری کا بہت شوق تھا۔انور اقبال کی صاحبزادی زبات بلوچ نے کہاکہ مجھے انور بلوچ کی بیٹی ہونے پر فخر ہے، وہ میرے منٹور تھے۔انہوں نے کہاکہ ایسا کوئی لفظ بنا ہی نہیں جو باپ بیٹی کے رشتہ کو بیان کرسکے، میرے بابا کی یہ خواہش تھی کہ مرنے کے بعد انہیں ایسے ہی خراج عقیدت پیش کیا جائے ،میں آرٹس کونسل آف پاکستان کی شکریہ گزار ہوں جنہوں نے ان کے لیے تقریب کا انعقاد کیا۔ تحریم بلوچ نے کہاکہ آج یہاں آکر بابا کی سنہری یادیں سننے کو ملیں، آج اندازہ ہوا کہ بابا کتنے بڑے انسان تھے۔