ہم ضمنی انتخابات میں 15 سے 16 نشستیں جیتیں گے، رانا ثناء

July 03, 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز 17اور 22 جولائی کو بھی سرخرو ہوں گے، رن آف الیکشن میں ہمارے پاس اکثریت موجود ہے، ہم ضمنی انتخابات میں 15سے 16نشستیں جیتیں گے، جو توشہ خانے پر ہاتھ صاف کرے اس سے ملکی خزانہ کیسے محفوظ رہ سکتا ہے۔

پی ٹی آئی کے معاہدے کی وجہ سے آئی ایم ایف ہمیں تگنی کا ناچ نچارہا ہے، ایاز امیر نے ایک فنکشن میں جو باتیں کی تھیں حملہ اس کا شاخسانہ ہوسکتا ہے، ایاز امیر کی عمران خان سے متعلق ملک پراپرٹی ڈیلرز کے حوالے کرنے کی بات درست ہے۔

وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری اور ماہر معاشیات یوسف نذر سے بھی گفتگو کی گئی۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں بہت سی باتیں خوش آئند ہیں، حمزہ شہباز کا نوٹیفکیشن شاید کچھ آئینی مسائل کی وجہ سے معطل نہیں کیا گیا، سپریم کورٹ حمزہ شہباز کو ڈی نوٹیفائی کردیتی تو عثمان بزدار دوبارہ وزیراعلیٰ بن جاتے ۔

یوسف نذر نے کہا کہ آئی ایم ایف حکومت کی کمزورپوزیشن دیکھ کر اپنے مطالبات میں اضافہ کرتا جارہا ہے، وزیراعظم کو آئی ایم ایف معاہدے کیلئے سینئر امریکی حکام سے بات کرنا پڑے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کو کسی چیز کی سمجھ نہیں ہے، ایک بات پر ڈھول بجاتے ہیں لیکن جب سمجھ آتی ہے تو رونا شروع کردیتے ہیں۔

یہ ساڑھے تین سال مسلط رہے تو ملک کا حال یہی ہونا تھا،وزیراعلیٰ کوئی بادشاہ نہیں ہوتا جمہوری حکمران ہوتا ہے، یہ چاہتے تھے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹادیا جائے،سپریم کورٹ میں ان کا آپس میں اختلاف نظر آیا یہ بری طرح ناکام ہوئے۔