فیروز خان پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق مفتاح اسماعیل کے بیان پر برہم

July 03, 2022

فوٹو، فائل

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کےحالیہ بیان پر برہم ہوگئے۔

فیروز خان نے اپنی انسٹا اسٹوری پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جو مفتاح اسماعیل کے پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر طنزیہ تبصرے سے متعلق ہے۔

مفتاح اسماعیل نے اپنے ایک بیان میںپیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھی میں ٹیلی ویژن پر نظر آتا ہوں تو لوگ پیٹرول پمپس کی طرف بھاگنے لگتے ہیں۔

فیروز خان نے وزیرِ خزانہ کے اس بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا انہیں یہ بات مضحکہ خیز لگتی ہے؟

اُنہوں نے مزید لکھا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ مفتاح اسماعیل کی فیملی میں سے ان کا کوئی عزیز میری یہ بات ان تک ضرور پہنچائے گا۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے دباؤ پر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 248 روپے 74 پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 276 روپے 54 پیسے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 230 روپے 26 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 226 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔