بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کیس میں مزید 2 ملزم گرفتار

July 05, 2022

بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کیس میں مزید 2 افراد گرفتار

دہلی پولیس نےگلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث گولڈی برار گینگ سے تعلق رکھنے والے مزید 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے سلسلے میں لارنس بشنوئی، گولڈی برار گینگ کے 2 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اتوار کی رات کو دہلی پولیس نے انکت سِرسا اور سچن بھیوانی نام کے 2 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس قتل کیس میں اتوار کو ہونے والی مزید 2 افراد کی گرفتاری کے بعد اب تک کُل 5 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

حکام کے مطابق ملزم انکت سِرسا سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث شوٹرز میں سے ایک ہے، جب کہ سچن بھیوانی کو 5 شوٹرز کو پناہ دینے کا ذمے دار ہونے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا ہے کہ ہریانہ کا رہائشی بھیوانی راجستھان میں گولڈی برار گینگ کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے اور راجستھان میں ایک کیس میں بھی مطلوب تھا۔

ہریانہ کے سِرسا گاؤں سے تعلق رکھنے والا انکت بھی راجستھان میں قتل کی کوشش کے 2 مقدمات میں نامزد ہے۔

اس حوالے سے دہلی پولیس کے اسپیشل سی پی، ایچ جی ایس دھالیوال کا کہنا ہے کہ ’قتل کیس کے ماسٹر مائنڈ اور بین الاقوامی مجرمانہ سازش کے بارے میں معلوم ہونے کے بعد ہمارے خصوصی سیل کی کوشش یہی تھی کہ ان لوگوں کو گرفتار کیا جائے جو سدھو موسے والا کے کیس میں ملوث ہیں‘۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ ’ہماری ٹیم مدھیہ پردیش، جھاڑ کھنڈ، گجرات، ہریانہ، اتر پردیش اور دہلی سمیت 6 ریاستوں میں اپنا کام کر رہی تھی، گزشتہ رات 11 بجے کے بعد قتل میں ملوث سب سے کم عمر شوٹر انکت سرسا اور مدد فراہم کرنے والے سچن بھیوانی کو گرفتار کر لیا گیا‘۔

دہلی پولیس نے اس کارروائی کے دوران، 9 ایم ایم پستول کے ساتھ 10 کارتوس، 30 ایم ایم پستول کے ساتھ 9 کارتوس، 3 پنجاب پولیس کی وردیاں، 2 موبائل ہینڈ سیٹس اور 1 سِم کارڈ بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔