بارش کم، مسائل زیادہ، یہ ہے کراچی میں رہنے کا خمیازہ

July 05, 2022

فائل فوٹو

کراچی میں تھوڑی سی بارش بہت سی پریشانیوں کا سامان بن گئی۔

شاہراہ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، ٹاور اور گورنر ہاؤس جانے والی سڑک سمیت اہم شاہراہوں پر بارش کا پانی کھڑا ہوا تو ٹریفک کا نظام بیٹھ گیا۔

کلفٹن انڈرپاس، ایم اے جناح روڈ اور دیگر شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام رہا۔

بارش کم، مسائل زیادہ، بے انتظامی کے سمندر کراچی میں رہنے کا یہ خمیازہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق منگل کو بھی بادلوں نے ’ہتھ ہولا‘ رکھا، تاہم دیگر اضلاع کی نسبت ضلع جنوبی میں کچھ زیادہ بارش ہوئی اور یہ ضلع چونکہ دفاتر اور کاروباری مراکز کا مرکز ہے، اس لیے کام سے گھر جانے والے ہزاروں شہری مشکل میں آگئے۔

صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، ٹاور، شارع فیصل اور ایم اے جناح روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر بارش کا پانی کھڑا ہوا تو چلتی گاڑیاں بھی کھڑی ہوگئیں۔

اس کے بعد ڈیفنس کالا پل کا سگنل ہو، یا کلفٹن، میٹروپول، شاہین چورنگی، ایم اے جناح اور دیگر مصروف سڑکیں، ہر جگہ بدترین ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

درجنوں موٹر سائیکلیں بند اور متعدد گاڑیاں خراب ہوگئیں، شہری گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے۔

بارش کے باعث سپر ہائی وے پر لگی مویشی منڈی بھی کیچڑ سے اٹ گئی، جس سے مویشی، بیوپاری اور خریدار سب ہی متاثر ہیں۔

سندھ اسمبلی کی چھت ذرا سی بارش کا بوجھ بھی نہ اُٹھا سکی اور ٹپکنے لگی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ 7 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔