ٹام کروز نے مشن امپاسبل 7 میں اکشے کمار کا اسٹنٹ کاپی کیا ہے؟

July 06, 2022

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ہدایت کار کسی ہولی وڈ یا لالی وڈ کی فلموں میں سے کوئی سین، ڈائیلاگ یا گانا چرا کر اسے کامیابی سے پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔لیکن اس بار بھارتی اداکار اکشے کمار کے مداحوں نے ایک فلمی سین کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹام کروز نے مشن امپاسبل سیون کے لیے اکشے کمار کے اسٹنٹ کو کاپی کیا۔ہولی وڈ فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار ٹام کروز اپنی جاندار اداکاری کی بدولت فلمی شائقین کے دلوں میں علیحدہ مقام رکھتے ہیں ان کا جدا گانہ انداز ہی ان کے مداحوں کو پسند آتا ہے۔دی ٹاپ گن اور مشن امپاسبل سیریز کے ہیرو ٹام کروز60سال کے ہوگئے، ان کی سالگرہ کے موقع پر ڈیڈ ریکوننگ پارٹ ون کے ڈائریکٹر نے اپنی آنے والی فلم کا ایک کلپ شیئر کرکے سالگرہ کی مبارکباد دی۔اس تصویر میں ٹام کروز کے کردار ایتھن ہنٹ کو اڑتے ہوئے طیارے پر لٹکا ہوا دکھایا گیا تھا۔ اس پوسٹ پر ٹام کروز کے مداحوں نے بھی ان کی سالگرہ کی مبارکباد دی۔اس موقع پر اداکار اکشے کمار کے مداحوں نے کہا کہ ٹام کروز کا اسٹنٹ والا یہ سین اکشے کمار کی سال 2000میں بننے والی فلم کھلاڑی420سے بہت مماثلت رکھتا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل مشن امپاسبل، ڈیڈ ریکننگ پارٹ ون کا ٹریلر جاری کیا گیا تھا۔ فلم اگلے سال 14جون کو ریلیز ہوگی۔فلم میں ٹام کروز ایتھن ہنٹ کے کردار کو دہرائیں گے۔ ہیلی ایٹ ویل اور ربیکا فرگوسن بالترتیب گریس اور ایلسا فاسٹ کے کردار میں نظر آئیں گی۔فلم کی دیگر کاسٹ میں پوم کلیمینٹیف، وینیسا کربی، سائمن پیگ، کیری ایلویس، شیا وِگھم، اندرا ورما اور ونگ رمز شامل ہیں۔