سکندر میندھرو کی سینیٹ کی نشست پر ووٹنگ جاری

July 06, 2022

فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر سکندر میندھرو کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی سندھ کی سینیٹ کی نشست پر ووٹنگ جاری ہے۔

سینیٹ کی نشست پر ارکان سندھ اسمبلی ووٹ کاسٹ کررہے ہیں، اب تک 81 اراکین سندھ اسمبلی اپنا ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں، پولنگ شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔

سندھ اسمبلی کے ایوان میں پیپلزپارٹی کے پاس 99 اور تحریک انصاف کے پاس 30 ووٹرز ہیں، تحریک انصاف کے چار ارکان منحرف ہوچکے ہیں۔

سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان 21،گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) 14،تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) 3 اور ایم ایم اے کا ایک رکن ہے۔

سینیٹ کی نشست پر ووٹنگ کے عمل میں حصہ لینے کے لیے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزراء سندھ اسمبلی میں موجود ہیں۔

ترجمان وزیرِ اعلیٰ سندھ کے مطابق سینیٹ الیکشن میں اب تک 10 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا ہے۔

دوسری جانب سندھ میں سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب کا تحریک انصاف نے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ سینیٹ کی یہ نشست ڈاکٹر سکندر میندھرو کے انتقال کے بعد خالی ہوئی ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما و سینیٹر سکندر میندھرو امریکا میں انتقال کر گئے تھے، وہ کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔