پاکستان کے معروف اداکار احد رضا میر کا حالیہ انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے جس میں انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ممکن ہے میں مستقبل میں اپنا چہرہ مصنوعی ذہانت (AI) کو بیچ دوں۔
امریکا میں مداحوں کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران احد رضا میر نے ٹیکنالوجی، اداکاری اور مستقبل کے منصوبوں پر کھل کر گفتگو کی۔
اداکار نے کہا کہ میں مصنوعی ذہانت کو ایک ساتھ دلچسپ اور خوفناک تصور کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ شاید چند سال بعد میں اپنا چہرہ اے آئی کو بیچ دوں، تاکہ وہ خودکار طور پر میری پرفارمنسز بنا دے۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں مزید کہا کہ پھر ایک سال میں میرے دس ڈرامے ریلیز ہوں گے اور میں آرام سے بیٹھا رہوں گا۔
احد کے اس دلچسپ تبصرے پر شائقین قہقہوں سے لوٹ پوٹ ہوگئے۔
اداکار نے تسلیم کیا کہ ٹیکنالوجی تیزی سے شوبز انڈسٹری کو بدل رہی ہے اور مستقبل میں اس کے اثرات مزید نمایاں ہوں گے۔
احد رضا میر نے اپنی نجی زندگی کے بارے میں بتایا کہ وہ زیادہ تر وقت گھر پر گزارتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے گھر میں رہنا، فلمیں دیکھنا، تھیٹر اور سینما کا لطف اٹھانا پسند ہے، مجھے آرٹ سے بھی خاص لگاؤ ہے۔
ایک سوال کے جواب میں احد نے کہا کہ مجھے ہر طرح کے فنکاروں کے ساتھ کام کرنا پسند ہے، یہ شاید سیاسی لگے، لیکن سچ یہ ہے کہ میں سب کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہوں۔
احد نے اپنے مقبول ڈرامے عہدِ وفا کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مرد اداکاروں کے ساتھ کام کرنا بھی ایک دلچسپ اور نیا تجربہ تھا۔
احد رضا میر نے کہا کہ میرے نزدیک اداکاری کا کوئی طے شدہ فارمولا نہیں، لوگ مجھ سے اکثر پوچھتے ہیں کہ تمہارا ایکٹنگ میتھڈ کیا ہے؟ لیکن حقیقت یہ ہے کہ کوئی خاص طریقہ نہیں، سب کچھ خود بخود ہو جاتا ہے جب میں کردار میں ڈوب جاتا ہوں۔