بابر اعظم فہد مصطفیٰ کی اداکاری کے فین بن گئے

July 06, 2022

بابر اعظم اور فہد مصطفیٰ ایک ساتھ— فائل فوٹو

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی فلم ’قائدِ اعظم زندہ باد‘ میں فہد مصطفیٰ کی شاندار اداکاری کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکے۔

بابر اعظم نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم ’قائدِ اعظم زندہ باد‘ کا ٹریلر شیئر کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں اداکار کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’کیا بات ہے میرے بھائی! فہد مصطفیٰ کی‘۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں فلم کی پوری ٹیم کے کام اور محنت کی تعریف کرتے ہوئے فلم کی باکس آفس پر کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ نبیل قریشی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’قائدِ اعظم زندہ باد‘ کو2021ء میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، لیکن تاخیر کا شکار ہونے کے بعد اب اسے رواں سال عید الضحیٰ پر ریلیز کیا جا رہا ہے۔

فلم ساز نبیل قریشی اور فضا علی مرزا کی فلم ’قائدِ اعظم زندہ باد‘ ایک ایکشن کامیڈی ہے۔

اس فلم کی کہانی ایک بدنام پولیس اہلکار کی زندگی پر مبنی ہے، جس کا کردار فہد مصطفیٰ نے ادا کیا ہے اور ان کے ساتھ اسکرین پر اداکارہ ماہرہ خان اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔