اسٹار فروٹ روزانہ کھانا کیوں ضروری ہے؟

August 04, 2022

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے کئی بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں،موسمی تبدیلیوں سے بیمار ہونے سے بچنے کے لیے قوتِ مدافعت کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے لہٰذا ہمیں ایسی سبزیوں اور پھلوں کو اپنی غذا میں شامل کرنا چاہیے جوکہ ہماری قوتِ مدافعت کو مضبوط کریں۔

دیگر پھلوں کی طرح ایک خاص پھل ’کیرامبولا‘ بھی بہت فائدہ مند ہوتا ہے جسے عام طور پر ’اسٹار فروٹ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، پیلے اور ہرے رنگ کا یہ پھل کھانے میں تو کھٹا میٹھا ہوتا ہے لیکن اِس پھل کے بے شمار فوائد ہیں۔

اسٹار فروٹ میں فائبر، پوٹاشیم، وٹامن سی، وٹامن بی 5، پروٹین اور اِس کے علاوہ دیگر غذائی اجزاء شامل ہوتے ہیں، اِس پھل میں کیلوریز کی تعداد بھی کم ہوتی ہے، اسٹار فروٹ کو کھانے سے ہمارا بلڈ پریشر کنٹرول میں رہتا ہے اور اِس کے علاوہ یہ کولیسٹرول کے مریضوں کے لیے بھی بہت مفید ہوتا ہے۔

وٹامن اے اور سی کی وجہ سے اسٹار فروٹ کو روزمرہ کی خوراک میں شامل کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے کیونکہ یہ مختلف بیماریوں سے نجات دلانے میں مدد کرتا ہے۔

اسٹار فروٹ کے صحت سے متعلق فوائد:

فائل فوٹو

انفیکشن سے لڑنے میں مدد کرتا ہے:

اسٹار فروٹ وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور ہونے کی وجہ سے ہماری قوتِ مدافعت کو بڑھاتا ہے جو انفیکشن پیدا کرنے والے فری ریڈیکلز سے لڑتا ہے۔

سوزش کو کم کرتا ہے:

اسٹار فروٹ جسم سے سوزش کو کم کرنے میں بھی مدد کرتا ہے جس کی وجہ سے آپ بیمار اور بے چینی محسوس کرتے ہیں۔

سانس کو بہتر بناتا ہے:

چونکہ اس میں سوزش کی خصوصیات ہیں، اس لیے اسٹار فروٹ گلے کی سوزش اور سانس کے انفیکشن کے علاج میں مدد کرتا ہے۔

وزن کم کرتا ہے:

اسٹار فروٹ میں کیلوریز کی تعداد کم ہوتی ہے اور اِس پھل میں فائبر بھی موجود ہوتا ہے جو ہمارے بڑھتے ہوئے وزن کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، اگر ہم اسٹار فروٹ کا استعمال کریں گے تو ہمیں زیادہ دیر تک بھوک نہیں لگے گی، اِس کے علاوہ یہ ہمارے نظام ہاضمہ کو بھی بہتر کرتا ہے۔

بلڈ پریشر کو منظم کرتا ہے:

اسٹار فروٹ میں فائبر اور پوٹاشیم ہوتا ہے جو بلڈ پریشر کی بڑھتی ہوئی سطح کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے، ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ ہائی بلڈپریشر کے مریضوں کو چاہیے کہ وہ اپنی غذا میں دیگر پھلوں کی طرح اسٹار فروٹ کو بھی شامل کرلیں کیونکہ یہ پھل آپ کے بڑھتے بلڈپریشر سے مؤثر طریقے سے لڑنے میں مدد کرتا ہے۔