مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ، سیوریج کے پانی کی عدم نکاسی کے خلاف احتجاج

August 06, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور بجلی کی طویل بندش پر شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا،جمعہ کو شہر کے مختلف علاقوں جن میں بنارس چوک، اورنی ٹاؤن نمبر پونے پانچ شاہراہ پاکستان ، مین یونیورسٹی روڈ سے صفورا جانے والے روڈ، گلستان جوہر کامران چورنگی، حب ریور روڈ، سولجر بازار نمبر 3 سے گرومندر جانے والی شاہراہ اور بہار کالونی شامل ہیں میں علاقہ مکینوں نے بجلی کی طویل بندش اور گلی محلوں میں جمع سیوریج کے پانی کی عدم نکاسی کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین میں بچے اور خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی،مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہر گلی محلے میں گٹر کا پانی جمع ہے جس کے باعث چلنا پھرنا بھی دوبھر ، اسکول کالج اور دفاتر کے ساتھ ساتھ مساجد میں جانا بھی مشکل ہوگیا ہے ،مظاہرین کا کہنا تھا کہ ٹیرف میں اضافے اور فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک اربوں روپے وصول کر رہی ہے تاہم موسم ٹھیک ہونے کے باوجود دن کے اوقات کے ساتھ ساتھ رات کے اوقات میں بھی کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ،مزکورہ علاقوں میں ہونے والے احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ۔