کورنگی، مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر نوجوان کو قتل کر دیا

August 07, 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر)کورنگی میں مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر نوجوان کو قتل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی سو کواٹر کچی آبادی الٰہیہ مسجد کے عقب میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب دو مسلح ملزمان گھر میں داخل ہوئے اور گھر والوں کو یرغمال بنا لیا۔ایس ایچ او زاہد لودھی کے مطابق ملزمان نے اہلخانہ سے پوچھا کہ ارشد کہاں ہے جس پر انہوں نے بتایا کہ ارشد یہاں نہیں رہتا جسکے بعد ملزمان نے خواتین کو کمرے میں بند کر دیا اور 28 سالہ شعیب ولد اشتیاق کو کہا کہ ارشد کے پاس چلو جس پر اس نے مزاحمت کی تو ملزمان نے فائرنگ کر دی جسکے نتیجے میں ایک گولی شعیب کی گردن میں لگی جس سے وہ جاں بحق ہو گیا ۔مقتول کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔ایس ایچ او نے بتایا کہ ملزمان جس ارشد نامی شخص کا پوچھ رہے تھے وہ مقتول کا بڑا بھائی ہے اور اسی مکان میں گرائونڈ فلور پر رہتا تھا،انہوں نے مزید بتایا کہ مقتول شعیب بھی دو بار جیل جا چکا ہے جبکہ وہ کارپینٹر بھی تھا،انہوں نے بتایا کہ مقتول کے ورثاء مقدمہ میں کسی کو نامزد نہیں کر رہے تاہم پولیس جلد ملزمان تک پہنچ جائے گی۔