یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف اشیاء کے بعد ٹوٹا باسمتی چاول بھی مہنگا

August 07, 2022

اسلام آباد (نامہ نگار) یوٹیلیٹی ا سٹورز پر مختلف اشیاء کے بعد سبسڈی اور بغیر سبسڈی والا ٹوٹا باسمتی چاول بھی مہنگا کردیا گیا۔سپر باسمتی اور سیلا چاول کی سبسڈی اور بغیر سبسڈی والی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے ٹوٹا باسمتی چاول کی فی کلو قیمت میں تیس روپے تک کا اضافہ کیا ہے۔ اضافے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے نوٹیفیکیشن کے مطابق بغیر سبسڈی والے یوٹیلیٹی ٹوٹا باسمتی چاول کی قیمت تیس روپے اضافے کے بعد 97 روپے سے بڑھاکر 127 روپے فی کلو کردی گئی جبکہ سبسڈی والے ٹوٹا باسمتی چاول کی قیمت تیس روپے اضافے کے بعد 85 سے بڑھا کر115روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ یوٹیلیٹی ٹوٹا باسمتی چاول پر فی کلو بارہ روپے کی سبسڈی برقرار رہے گی۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر سپر باسمتی اور سیلا چاول کی سبسڈی اور بغیر سبسڈی والی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر گزشتہ روز چائے‘ دودھ‘ بچوں کا فارمولا دودھ پاوڈر‘ نہانے کا صابن اور ٹوتھ پیسٹ سمیت مختلف برانڈز کی فروخت ہونے والی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔