بھارتی ارب پتی کی نئی سستی ایئر لائن نے آج سروس کا آغاز کر دیا

August 07, 2022

بھارتی ارب پتی تاجر راکیش جھنجھن والا—فائل فوٹو

سستے اور کم لاگت کے ہوائی سفر والی ایک اور نئی بھارتی ایئر لائن اکاسا ایئر نے آج سے سروس کا آغاز کر دیا۔

اکاسا ایئر کی پہلی پرواز اندرونِ ملک کے لیے تھی، پرواز کیو پی 1101 ممبئی سے احمد آباد سیکٹر تک چلائی گئی، جو اتوار 7 اگست کو مقررہ وقت سے 29 منٹ کی تاخیر سے صبح 10 بج کر 34 منٹ پر ممبئی ایئر پورٹ سے روانہ ہوئی اور 49 منٹ کی مسافت طے کر کے 11 بج کر 23 منٹ پر منزل پر پہنچی۔

اکاسا ایئر نے اس پرواز کے لیے نیا بوئنگ 737 میکس 8 طیارہ استعمال کیا ہے۔

اکاسا ایئر کے مالک بھارت کے ارب پتی تاجر راکیش جھنجھن والا ہیں جنہوں نے بھارتی شہریوں کے لیے سستے اور کم لاگت کے ہوائی سفر کے لیے ایس این وی ایوی ایشن پرائیویٹ لمیٹڈ کے تحت اکاسا ایئر دسمبر 2021ء میں قائم کی تھی جس کا ہیڈکوارٹر مہاراشٹرا ممبئی ہے۔

اکاسا ایئر نے اپنا پہلا بوئنگ 737 میکس طیارہ رواں سال اگست میں خریدا تھا، اِس وقت اُس کے پاس محض 2 طیارے ہیں۔

ہوائی کمپنی کے سی ای او ونے دوبے کا کہنا ہے کہ رواں سال کے آخر تک کمپنی کے پاس 18 طیارے ہوں گے۔

انہوں نے ہر سال 12 سے 14 طیارے اکاسا ایئر میں شامل کرنے کا بھی اعلان کیا۔

سی ای او کے اعلان کے مطابق آئندہ 5 سال میں ایئر لائن کے پاس 72 طیارے ہوں گے۔