تائیوان کی فضائی حدود پروازوں کیلئے کُھلنے لگیں

August 07, 2022

—فائل فوٹو

تائیوانی وزارتِ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ تائیوان کی فضائی حدود پروازوں کے لیے بتدریج کھولی جا رہی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تائیوان کے ارد گرد چینی فوجی مشقوں کے باعث تائیوانی فضائی حدود پروازوں کے لیے بند تھی۔

چین نے امریکی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورۂ تائیوان کے خلاف تائیوان کے اطراف میں فوجی مشقیں شروع کی تھیں۔

یہ مشقیں دنیا کی مصروف ترین آبی گزرگاہوں میں سے ایک آبنائے تائیوان میں ہو رہی تھیں۔

چین نے ان مشقوں میں اصلی گولہ بارود کے استعمال کا اعلان کیا تھا، اس لیے بحری جہازوں اور پروازوں کو اس خطے سے دور رہنے کو کہا گیا تھا۔

چین کی جانب سے نینسی پلوسی کے دورۂ تائیوان پر شدید تنقید کے ساتھ ساتھ سنگین نتائج کی دھمکی بھی دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ تائیوان خود کو ایک خود مختار ریاست سمجھتا ہے، جبکہ چین تائیوان کو اپنے ملک کا حصّہ قرار دیتا ہے۔