کامن ویلتھ گیمز: ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا

August 08, 2022

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ارشد ندیم نےجویلینتھرو (نیزہ بازی) میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ پاکستانی ایتھلیٹ نے اپنی پانچویں باری میں 90.18 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی۔

جویلین تھرو کے فائنل میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم بھرپور ایکشن میں دکھائی دیے۔ انہوں نے پہلی باری میں ہی 86.81 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی۔

یہ ارشد ندیم کے کیریئر کی بہترین تھرو تھی، اس سے قبل ارشد ندیم کی بہترین تھرو 86.38 میٹر تھی۔

فائنل میچ میں ارشد ندیم کی دوسری باری ضائع ہوگئی جبکہ اس دوران بھی پاکستانی ایتھلیٹ 86.81 کی تھرو کے ساتھ سرفہرست رہے۔

ارشد ندیم نے تیسری باری میں اپنا قومی ریکارڈ اور بہتر کرتے ہوئے 88 میٹر کی تھرو کردی۔ یہ جویلین تھرو میں کسی بھی پاکستانی کی سب سے بڑی تھرو تھی۔

چوتھی باری میں ارشد ندیم نے 85.09 میٹر کی تھرو کی لیکن پاکستانی ایتھلیٹ پھر بھی 88 میٹر کی تھرو کے ساتھ سب سے آگے رہے۔

پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پانچویں باری میں 90.18 میٹر کی تھرو کی جس کے ساتھ وہ 90 میٹر سے لمبی تھرو کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔

ارشد ندیم کی 90.18 میٹر تھرو کامن ویلتھ گیمز کا نیا ریکارڈ ہے۔ اس کے ساتھ ہی کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا۔

پاکستان نے 1966 کے بعد کامن ویلتھ گیمز ایتھلیٹکس میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ارشد ندیم کی 90.18 میٹر کی تھرو اس سال کی تیسری بہترین تھرو ہے۔

اس سے قبل دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں اینڈرسن پیٹرز 93.07 میٹر، جیکب ویڈلیک 90.88 میٹر کی تھرو کرچکے ہیں۔

ارشد ندیم سب سے بڑی تھرو کرنے والے دوسرے ایشین بن گئے ہیں۔ تائیوان کے چاوسن چینگ نے 1993 میں 91.36 میٹر کی تھرو کی تھی۔

ارشد ندیم کی کامیابی کے ساتھ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کا یہ دوسرا گولڈ میڈل ہے۔

ارشد ندیم نے جویلین تھرو اور نوح دستگیر بٹ نے ویٹ لفٹنگ میں سونے کا تمغہ جیتا

کامن ویلتھ گیمز میں مجموعی طور پر پاکستان نے 2 سونے، 3 چاندی اور 3 کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔

صدر مملکت عارف علوی نے ارشد ندیم کو جویلین تھرو میں تاریخ رقم کرنے اور گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا کہ قوم کو آپ پر فخر ہے۔