پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف نے ڈیمین مارٹن کی ناسازی طبعیت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیمین مارٹن کو تشویشناک حالت کے باعث برسبین کے اسپتال میں داخل کر لیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں محمد یوسف نے کہا کہ ڈیمین کی سیریس طبیعت کا سن کر بہت افسردہ ہوں، میری نیک تمنائیں اور دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔
محمد یوسف نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وہ حوصلے، ہمت اور طاقت کے ساتھ جلد مکمل صحتیابی کی جانب لوٹیں گے، کرکٹ برادری اس کٹھن گھڑی میں ڈیمین مارٹن کے ساتھ کھڑی ہے۔
خیال رہے کہ 1999 اور 2003 کا ورلڈکپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ رہنے والے ڈیمین مارٹن کو گردن توڑ بخار بتایا گیا ہے، وہ اس وقت کوما کی حالت میں ہیں۔
54 سالہ ڈیمین مارٹن کرسمس ڈے کے موقع پر شدید بیمار ہونے کی وجہ سے گر پڑے تھے۔
کرکٹ شائقین اور کھلاڑیوں کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر ڈیمین مارٹن کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔