پی پی نے وعدہ وفا نہیں کیا، وزیراعظم کردار ادا کریں، ایم کیو ایم

August 09, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر‘صباح نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ بلدیاتی ایکٹ سے متعلق وعدہ وفا نہیں کیا۔ رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے کردار ادا کرنے کی اپیل کردی۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ اتحاد برقرار رکھنا وفاقی اور سندھ حکومتوں کی ذمے داری ہے، آخر وہ کب ایم کیو ایم کے ساتھ معاہدوں پر عمل درآمد کریں گی! انہوں نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ اس نازک صورت حال میں اپنا کردار ادا کریں

ایم کیو ایم پر کارکنوں اور عوام کا دباؤ بڑھ رہا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ ہمیں اس صورت حال میں کوئی فیصلہ کرنا چاہئے۔وہ ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد میں منعقدہ رابطہ کمیٹی کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

رابطہ کمیٹی نے مذکورہ معاہدوں پر عمل درآمدمیں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خصوصاً سندھ حکومت کے رویے کو غیر ذمے دارانہ قرار دیا۔

اراکین رابطہ کمیٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کے بلدیاتی ایکٹ کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق آرٹیکل 140Aکی رو کے مطابق تیار کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن 3ماہ سے زائدعرصے میں متعدد بار مذاکرات کے باوجود غیرسنجیدہ رویے کے باعث اس پر اب تک عمل درآمد نہیں کیا جاسکا جبکہ سندھ میں حلقہ بندیا ں الیکشن کمیشن کے بجائے صوبائی حکو مت نے کیں۔