لاہور کے چڑیا گھر میں شیروں کی نیلامی منسوخ

August 11, 2022

لاہور (اے ایف پی) لاہور کے چڑیا گھر نے 12 شیروں کی نیلامی کا منصوبہ منسوخ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کیلئے نئے انکلوژرز بنائے گا۔ ورلڈ لائف کی جانب سے جمعرات کو نیلامی کی منصوبہ بندی کی مذمت کرتے ہوئے لاہور سفاری زو کے حکام پر زور دیا تھا کہ وہ انہیں دوسری سرکاری جنگلی حیات کی سہولیات کے ساتھ دوبارہ آباد کریں۔ چڑیا گھر کے ڈپٹی ڈائریکٹر تنویر احمد جنجوعہ نے فرانسیسی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ “نیلامی کی بنیادی وجہ جگہ کی کمی تھی۔” انہوں نے مزید کہا کہ حکام نے دو نئے انکلوژرز کی تعمیر کے کام کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جگہ کی دستیابی کے بعد شیروں کو نیلام کرنے کی کوئی ضرورت نہیں پڑے گی ۔