ڈیبیو کے کئی سالوں بعد تک بھی لوگ نام سے ناواقف تھے، کارتک آریان

August 11, 2022

کارتک آریان، فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار کارتک آریان نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ ڈیبیو کے بعد بھی لوگکئی سالوں تک ان کے نام سے ناواقف تھے۔

کارتک آریان نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں اپنے بالی ووڈ کیرئیر کے آغاز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگ میرے فلمی کیریئر کی پہلی فلم ’فلم پیار کا پنچ نامہ‘ کے بعد بھی تقریباََ 6 سے7 سال تک نہ مجھے جانتے تھے اور نہ ہی میرے نام سے واقف تھے۔

اُنہوں نے بتایا کہ لوگ مجھے’مونولوگ گائے(monologue guy)‘ کہا کرتے تھے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ایسے وقت بھی آئے جب مجھے اپنے کام کے مناسب نتائج نہیں ملے جیسے جب میرے کیرئیر کی پہلی فلم ہٹ ہوئی تب بھی لوگ مجھے پہچان نہیں سکے۔

کارتک آریان نے کہا کہ ’میں سمجھ نہیں پایا کہ میرے ساتھ ایسا کیوں ہو رہا ہے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’میں ابھی بھی ہدایت کاروں کی فہرست میں نمایاں اداکار نہیں ہوں کہ وہ میرے بارے میں ترجیحی بنیاد پر یہ بات کہیں کہ وہ اپنی فلم میں میرے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں‘۔

کارتک آریان نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے اپنے کیریئر میں ایسے بہت سے لمحات دیکھنے کو ملے لیکن مجھے لگتا ہے کہ میں نے ان لمحات اور اوقات سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اب بہت سی مشکلات حل ہوچکی ہیں اور فلمی کیریئر میں بہت سی اچھی چیزیں ہو رہی ہیں‘۔