یورپی یونین کی نئی سفیر کی وزیر اعظم سے ملاقات

August 11, 2022

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے یورپی یونین کی پاکستان میں نئی تعینات ہونے والی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے آج ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تاریخی، قریبی اور تعاون پر مبنی دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر یورپی کونسل کے صدر چارلس مشل اور کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین کے ساتھ اپنی حالیہ ٹیلیفون پر ہونے والی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یورپی یونین کے پارلیمانی وفود کے پاکستان کے آئندہ دوروں کے ساتھ ساتھ اگلے ای یو، پاکستان اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت سیاسی اور سیکیورٹی ڈائیلاگ سے دونوں فریقین کے درمیان مزید ٹھوس تعاون کی راہ ہموار ہوگی۔

وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے موجودہ جی ایس پی پلس اسکیم کو پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی طور پر فائدہ مند اور دونوں فریقین کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافے کی ایک بڑی وجہ قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان 2023 کے بعد بھی اس انتظام کا حصہ بنے گا۔

ملاقات میں وزیر اعظم نے اس بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مسلسل اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اس سال پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کی 60 ویں سالگرہ کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ تعلقات کے اس سنگ میل کو دونوں فریقین کی جانب سے مناسب طریقے سے منایا جانا چاہیے۔

وزیر اعظم نے پر امن اور مستحکم افغانستان کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اس کے ساتھ ہی اس بے مثال تعاون کو بھی اجاگر کیا جو پاکستان نے افغانستان کے حوالے سے گذشتہ سال اگست کی پیش رفت کے بعد بین الاقوامی برادری کو فراہم کیا ہے۔

اس موقع پر یورپی یونین کی پاکستان میں سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے وزیراعظم کی جانب سے پرجوش استقبال کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران یورپی یونین اور پاکستان کے درمیانتعلقات کو مزید گہرا کرنے کیلئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔