مولانا مسعود اظہر کے بھائی کو دہشتگرد قرار دینے کی قرارداد چین نے ویٹو کردی

August 12, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) چین نے کالعدم جیشِ محمد کے نائب سربراہ مفتی عبدالرؤف کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی قرارداد کو سلامتی کونسل میں ویٹو کر دیا ۔بدھ کو سلامتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چین نے بھارت اور امریکا کی اس مشترکہ قرارداد پر رائے شماری کے بجائے اسے ویٹو کردیا۔

بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں چین کے اس اقدام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شواہد کے باوجود کسی شخص یا تنظیم کو دہشت گرد قرار دینے کی تجویز کو سلامتی کونسل میں روک دینا اس عالمی ادارے کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔

اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین چاہتے ہیں کہ سلامتی کونسل میں دہشت گرد تنظیموں اور رہنماؤں پر پابندی کے حوالے سے منصفانہ اور بلا امتیاز حکمتِ عملی اپنائی جائے نہ کہ یکطرفہ اقدامات لیے جائیں۔