ایلون مسک کا جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹس کے معاملے پر تحقیقات کا مطالبہ

August 12, 2022

ایلون مسک، فائل فوٹو

معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کی قانونی ٹیم مبینہ طور پر ٹوئٹر پر موجود جعلی اکاؤنٹس کے معاملے پر تحقیقات کروانے کا مطالبہ کررہی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ایلون مسک کی قانونی ٹیم مطالبہ کر رہی ہے کہ ٹوئٹر ان ملازمین کو تبدیل کرے جوکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر موجود جعلی اکاؤنٹس اور بوٹس کی گنتی کرتے ہیں اور اس حوالے سے غلط معلومات فراہم کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

واضح رہے کہ ایلون مسک نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ وہ معاہدہ ختم کر رہے ہیں کیونکہ ٹوئٹر نے جعلی اکاؤنٹس کے بارے میں صحیح معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔

جس کے بعد ٹوئٹر نے معاہدہ مکمل نہ کرنے کی وجہ سے ایلون مسک پر مقدمہ دائر کیا اور دعویٰ کیا کہ جعلی اکاؤنٹس کے معاملے کا ایلون مسک کے ساتھ معاہدے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

اب ٹوئٹر اور ایلون مسک ڈیلاویئر میں 17 اکتوبر کو اس مقدمے کی سماعت کا سامنا کریں گے۔

دونوں فریقوں نے ثبوت اکٹھے کرنے کی کوشش میں بینکوں اور مشیروں کو بھی عرضی جاری کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ منگل کو ایلون مسک کے وکلاء نے جج سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹوئٹر کو ملازمین کے نام ہمارے حوالے کرنے پر مجبور کریں تاکہ ان ملازمین سے پوچھ گچھ کی جاسکے۔