شادی کی رات ہی بیوی کو قتل کرکے لاش سوٹ کیس میں ڈالنے والا شخص گرفتار

August 12, 2022

بشکریہ دی گارڈین

شادی کے چند گھنٹوں بعد ہی بیوی کو قتل کرکے لاش کو سوٹ کیس میں ڈال کر جھاڑیوں میں پھینکنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا جسے 19 اگست کو سزاسنائی جائے گی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ویسٹ یاکشائر کے ایک گھر میں پیش آیا، گزشتہ سال اکتوبر میں 52 سالہ ڈان واکر نے تھامس نٹ سے شادی کی تھی جس کے چار دن بعد پولیس کو ڈان واکر کی لاش سوٹ کیس میں بند گھر کے قریب جھاڑیوں سے ملی۔

تھامس نٹ نے لاش کو سوٹ کیس میں منتقل کرنے سے پہلے عارضی طور پر الماری میں ڈال دیا تھا۔

تھامس نٹ نے قتل کی واردات انجام دینے کے بعد خود ہی ڈان واکرکی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی تھی۔ بعدازاں دوران تفتیش پولیس کو جھوٹ بول کے کئی بار گمراہ بھی کیا۔

دوران سماعت تھامس نٹ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ ’’قتل غلطی سے ہوا ڈان واکر کو جان سے مارنے کا ارادہ نہیں تھا‘‘۔

پراسیکیوٹر کے مطابق ڈان واکر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ اسے گردن میں متعدد چوٹیں آئی ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ اس کی گردن پر زبردستی دباؤ ڈالا گیا تھا۔

دو روز قبل جیوری نے تین گھنٹے کی سماعت کے بعد تھامس نٹ کو مجرم قرار دیا، اسے 19 اگست کو سزا سنائی جائے گی۔

جج جوناتھن روز کے مطابق تھامس نٹ کو عمر قید کی سزا دیئے جانے کا امکان ہے ۔