میسی 17 سال میں پہلی بار سال کے بہترین کھلاڑی نامزد نہ ہوسکے

August 13, 2022

معروف کھلاڑی لیونل میسی 17 سال میں پہلی بار سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ ’Ballon d'Or‘ کیلئے نامزد نہ ہوسکے۔

فرانسیسی فٹبال حکام نے سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کیلئے 30 کھلاڑیوں پر مشتمل نامزدگیوں کا اعلان کیا جس میں 2005 کے بعد پہلی بار لیونل میسی کا نام شامل نہیں تھا۔

سب سے زیادہ 7 بار یہ ایوارڈ جیتنے والے میسی نے گزشتہ سیزن میں پیرس سینٹ جرمین کی نمائندگی کرتے ہوئے 34 میچز میں صرف 11 گول کیے اور خیال کیا جارہا ہے خراب کارکردگی کی وجہ سے وہ سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کی نامزدگیوں میں جگہ نہیں بنا سکے۔

اس کے علاوہ برازیل کے معروف فٹبالر نیمار بھی اس فہرست سے باہر ہیں البتہ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو مانچسٹر یونائیٹڈ کیلئے 31 میچز میں 18 گول کر کے سال کے بہترین فٹبالر کے لیے نامزد تو ہوئے ہیں لیکن اس بار فرانس کے کریم بینزیما کو اس ایوارڈ کیلئے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔

فرانسیسی فٹبالر نے ریال میڈرڈ کو چیمپئنز لیگ اور لا لیگا جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے گزشتہ سیزن میں 44 گولز کیے۔

سال کے بہترین فٹبالر کا اعلان رواں سال 17 اکتوبر کو کیا جائے گا۔