اب سیاحتی و کمرشل ویزا والے بھی عمرہ ادا کرسکیں گے

August 13, 2022

سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ سیاحتی اور کمرشل ویزا حاصل کرنے والے افراد بھی عمرے کی ادائیگی کرسکیں گے۔

یہ سہولت دنیا کے 49 ممالک کے شہریوں کو دی گئی ہے، سعودی عرب کا ویزا آن لائن حاصل کیا جاسکتا ہے یا سعودی ایئرپورٹ پہنچ کر بھی ویزے کا حصول ممکن ہے۔

سعودی وزارت کا کہنا ہے کہ عمرے کی سہولت حاصل کرنے والوں میں امریکا، برطانیہ اور شینگن ویزا رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔

یہ سہولت نئے ہجری سال 1444 کے دوران عمرہ سیزن کے آغاز پر دی گئی ہے تاکہ دنیا بھر کے زیادہ سے زیادہ مسلمان عمرے کی ادائیگی کرسکیں۔

نئے طریقہ کار کے تحت غیر ملکی شہری ایک سال تک کا سیاحتی ویزا حاصل کرسکتے ہیں اور انہیں سعودی عرب کے تمام شہروں میں جانے کی اجازت ہوگی۔