ہیکنگ کا خدشہ، ایف بی آر کی ویب سائٹس 24 گھنٹے بند رہیں

August 15, 2022

فائل فوٹو

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 75 یوم آزادی کے موقع پر بھارتی ہیکرز کی جانب سے دوبارہ ہیکنگ کی کوشش کے خدشے کے پیش نظر اپنی تمام ویب سائٹس کو 24 گھنٹے سے زائد کے لیے بند کر دیا تھا۔

ایف بی آر حکام کے مطابق 13 اگست ہفتے کی شام سے ہی ایف بی آر کے تینوں ویب پورٹلز کو 24 گھنٹے کے لیے بند کردیا گیا تھا جس کے باعث عوام کو ادائیگیوں اور انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے عمل میں مشکلات کا سامنا رہا۔

ایف بی آر کے ترجمان اسد طاہر جاپہ نے ویب سائٹس کے ڈاؤن ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ویب سائٹس کو حفاظتی اقدامات اختیار کرتے ہوئے معمول کی مینٹیننس کے لیے بند کیا گیا تھا۔

تاہم ان ویب سائٹس کو آج صبح سرکاری اوقات کار شروع ہونے سے پہلے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دس دن قبل بھی ایف بی آر کی جانب سے ویب پورٹل معمول کی دیکھ بھال کے لیے بند کر دیا گیا تھا جس کی اطلاع ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے عوام کو باضابطہ طور پر دی گئی تھی مگر اس بار ایف بی آر نے اپنی خدمات کی عدم دستیابی کے بارے میں عوام کو مطلع نہیں کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال 15 اگست کوبھارتی ہیکرز نے ایف بی آر کے ڈیٹا سینٹر پر حملہ کیا تھا اور 72 گھنٹے سے زائد عرصے تک ٹیکس مشینری کے ذریعے چلائی جانے والی تمام سرکاری ویب سائٹس کو بند کردیا تھا۔