اسٹیٹ بینک بندرگاہوں پر پھنسے کنٹینرز چھوڑنے پر رضامند

August 16, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر محمد ادریس نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے 5 جولائی 2022 تک بندرگاہوں پر پہنچنے والے وہ تمام کنٹینرز کو چھوڑنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جو اسٹیٹ بینک کی منظوری کے انتظار میں پھنسے رہے۔ ایک بیان میں کراچی چیمبر کے صدر نے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین کی جانب سے موصول ہونے والے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ تمام کیسز جن میں بل آف لیڈنگ 5 جولائی 2022 کو اسٹیٹ بینک کی ہدایات کے اجراء سے پہلے کا ہے جو کراچی چیمبر نے جمع کرائے ہیں اگلے 2 سے 3 دنوں میں انہیں ریلیز کر دیا جائے گا جبکہ اسی طرح کی پھنسے ہوئے مزید کنسائنمنٹ کی رہائی کے لیے کوئی دوسری زیر التوا درخواست بھی بروقت ریلیز کے لیے اسٹیٹ بینک کو بھیجی جا سکتی ہے۔محمد ادریس نے کہا کہ کراچی چیمبر کی قیادت بالخصوص چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا کی انتھک کوششوں کی بدولت جو مسلسل وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے رابطے میں رہے اور انہیں اس معاملے کو حل کرنے پر راضی کرتے رہے، بالآخر پریشان درآمد کنندگان کو ریلیف فراہم مل گیا ہے جس کا تاجر برادری گرمجوشی سے خیر مقدم کرتی ہے۔انہوں نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کے سی سی آئی کی جانب سے اٹھائے جانے والے تمام مسائل میں گہری دلچسپی لی اور انہیں اولین ترجیح پر حل کرنے کے لیے فوری ہدایات جاری کیں جس سے پوری کاروباری اور صنعتی برادری کا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پھنسے ہوئے کنٹینرز کو چھوڑنے کا مخصوص قدم اور کچھ دیگر کاروبار نواز اقدامات اور معیشت کو درپیش اہم مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت کی سنجیدگی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ صنعت کے پہیے بغیر کسی رکاوٹ کے گھومتے رہیں۔