بارشوں کے بعد کراچی کھنڈر، شاہراہیں تباہ، محلوں کی حالت ابتر، حکومت خاموش

August 19, 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر) شہر میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے بعد شہر کراچی کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

مرکزی شاہرائوں کا تو حال برا ہی ہے، محلے اور گلیوں کی صورت حال تو حد درجہ ابتر ہوچکی ہے، شہر کی مرکزی شاہرائوں کا یہ حال ہے کہ اس پر گاڑیوں چلانا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔

شہر میں جہانگیر روڈ، گرومندر، لیاقت آباد دس نمبر سے ناظم آباد کی جانب جانے والے دونوں ٹریک خستہ حال ہیں، جہانگیر روڈ پر سڑک ٹیلوں میں تبدیل ہوچکی ہے جس پر سفر جان لیواء بن گیا ہے، جگہ جگہ سڑک پر گڑھے پڑے ہوئے ہیں، فیڈرل بی ایریا واٹر پمپ کی سڑک پر گڑھوں کی وجہ سے وہاں موجود عارضہ قلب کے اسپتال میں مریضوں کو لانا بھی مشکل ترین مرحلہ بن گیا ہے۔

گولی مار چورنگی سے بڑا بورڈ کی طرف جانے والی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، نارتھ کراچی، سرجانی ٹائون، بسمہ اللہ ہوٹل، گلبہار عثمانیہ کالونی ، دستگیر بلاک نو، گلشن اقبال 13ڈی کی کئی سڑکوں پر بارش کے پانی کے باعث سڑکیں ٹوٹنے کی وجہ سےشہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شہر کی کئی علاقوں کی گلیوں اور محلوں کی چھوٹی چھوٹی سڑکوں پر کیچڑ جمع ہونے سے شہریوں کو چلنا پھرنا بھی محال ہوگیا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹوٹی ہوئی سڑکوں پر سفر سے شہری بڑی تعداد میں کمر اور ٹانگوں میں درد کا شکار ہورہے ہیں مگر سیاسی جماعتیں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔