3 سال کے دوران پاکستانی پاسپورٹ کی رینکنگ آخری رہی، سینیٹ وقفہ سوالات

August 19, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) سینیٹ کو حکومت نے بتایا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران غیرملکی شہریوں کو جاری شناختی کارڈز میں سے غیر ملکی شہریوں کو جاری181شناختی کارڈزکو منسوخ کر دیا گیا۔

8152افراد کے کیسز کی تصدیق کی جا رہی ہے ، نادرا کے 43ملازمین کو فارغ کیا جا چکا ہے، تین سالوں کے دوران پاکستانی پاسپورٹ کی رینکنگ مسلسل آخری تیسرے نمبر پر رہی،بڑی تعداد میں لوگوں کی پکڑدھکڑ کے بعد اسلام آباد میں گداگری بہت حد تک کم ہو گئی ہے۔

جمعرات کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران ،سنیٹر بہرہ مند تنگی کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت داخلہ نے بتایا کہ ماضی میں کچھ لوگوں نے غیرقانونی طور پر جعلی دستاویزات جمع کراکر شناختی کارڈ حاصل کئے جس میں نادرا کے ملازمین بھی ملوث تھے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایات پر شناختی کارڈز کو ڈیجیٹل طور پر منسوخ کرنے سے منع کر دیا گیا ہے ۔