پاکستان میں موجود اہلیہ نے میرے بچوں کو روک رکھا ہے، بھارتی فلم پروڈیوسر

August 19, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی فلم پروڈیوسر مشتاق ناڈیاڈوالا کا دعویٰ ہے کہ ان کی اہلیہ اور ان کے خاندان نے پاکستان میں ان کے دو نابالغ بچوں کو غیر قانونی طور پر روک رکھا ہے۔ انہوں نے نے دعویٰ کیا کہ ان کی اہلیہ مریم چوہدری نومبر 2020 میں اپنے بچوں کے ساتھ پاکستان چلی گئی تھیں اور ان کے ویزے کی میعاد ختم ہونے کے بعد بھی واپس نہیں آئیں۔ بھارتی فلمساز نے اپنے بچوں کی بحفاظت واپسی کے لیے بمبئی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ بھارتی عدالت نے درخواست پر بھارت کی مرکزی حکومت سے جواب طلب کرلیا۔ مشتاق ناڈیاڈوالا نے اپنی درخواست میں الزام لگایا ہے کہ ان کے دو بچوں نو سالہ بیٹا اور چھ سالہ بیٹی کو ان کی اہلیہ مریم چوہدری نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکام کی جانب سے بچوں کو دیے گئے وزیٹنگ ویزے کی میعاد اکتوبر 2021 میں ختم ہو گئی تھی لیکن انہیں اب بھی وہاں غیر قانونی طور پر رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی اہلیہ کو خود اس کے بااثر خاندان نے وہاں رکھا ہوا ہے۔ سینئر ایڈوکیٹ بینی چٹرجی کے توسط سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ فلم کے پروڈیوسر نے اس معاملے کے بارے میں متعلقہ حکام سے رابطہ کیا تھا اور ان سے اپنے بچوں کو واپس لانے کی درخواست کی تھی جو بھارتی شہری ہیں لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ انہوں نے عدالت سے مرکزی حکومت کو ہدایت کرنے کی درخواست کی کہ وہ ان کے بچوں اور بیوی کی محفوظ واپسی میں سہولت فراہم کرے۔