سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر کسی کا مذاق اڑانے پر سخت سزا کا اعلان

September 05, 2022

سعودی عرب میں حکام نے خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر کسی کا تمسخر اڑانا جرم ہوگا اور اس پر سخت سزا دی جائے گی۔

سعودی میڈیا کے مطابق محکمہ پبلک پراسیکیوشن نے اس سلسلے میں ایک انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی اقدار، سماجی آداب یا قومی نظام کو نقصان پہنچانے یا پھر نجی زندگی کی پامالی سے متعلق تمسخر اڑانے والی چیز بنانا یا بھیجنا یا اسے محفوظ کرنا خلاف قانون ہوگا۔

لہٰذا سوشل میڈیا سائٹس یا کمپیوٹر پر اس قسم کی چیزوں کو محفوظ نہ کیا جائے۔ ایسی کسی سرگرمی میں ملوث شخص کو 5 برس قید اور 30 لاکھ ریال جرمانہ یا ان دونوں میں سے کوئی ایک سزا دی جاسکتی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ’دفاتر میں کام کرنے یا آنے والوں کی تصاویر بنانا، ویڈیو تیار کرنا، ان کی تشہیر کرنا، انہیں موبائل کے ذریعے نقصان پہنچانا، سماجی آداب سے ہٹ کر کوئی سرگرمی کرنا یا ٹیکنالوجی استعمال کرکے اس قسم کی چیزیں پھیلانا قابل سزا عمل ہے۔

مقامی وکیل کے مطابق وڈیو کلپ اس حد تک ہی قابل قبول ہوسکتے ہیں جس سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے۔