ہائیکورٹ، افغان بستی میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے حکومت کو نوٹس جاری

September 22, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے افغان بستی میں تجاوزات کے خاتمے کے لیئے کے ڈی اے اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری کردیئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ 90 کے عشرے سے فلیٹوں کی جگہ پر قبضہ ہے، نعمت اللہ خان کے کیس میں سپریم کورٹ تجاوزات کے خاتمے کا حکم دے چکی، جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کہ جب سپریم کورٹ حکم دے چکی ہے تو ہمارے حکم کی کیا ضرورت ہے، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ افغان خیمہ بستی میں حکام جانے سے ڈرتے ہیں، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ بات درست ہے، یہ عدالت بھی متعدد احکامات کر چکی، عدالت احکامات دے چکی مگر نتیجہ کچھ نہیں نکلتا درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ وہاں پارکس اور دیگر ایمنٹی پلاٹس بھی ہیں، جو شہریوں کی سہولت کے لئے ہیں، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جانے وہاں کون کون آجاتا ہے، فیصلوں پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوتا۔