آنکھیں بند کرکے سوتے رہے آپ لوگ، بلڈنگ کیسے بن گئی، ہائیکورٹ

September 23, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے قریب غیر قانونی پورشنز بنانے کےخلاف درخواست پر ڈپٹی ڈائریکٹر سینٹرل ایس بی سی اے کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پلاٹ نمبر اے 23 بلاک اے ایریا پر گراؤنڈ پلس 5 منزلہ تعمیرات ہوئیں۔ 80 گز پر گراؤنڈ پلس 5 منزلہ عمارت کھڑی کردی، ناقص میٹریل ہے گری تو قریب کے سارے لوگ مارے جائیں گے، غیر قانونی تعمیرات فوری ختم کی جائیں، عدالت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حکام پر سخت برہم ہوگئی، جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کہ آنکھیں بند کرکے سوتے رہے آپ لوگ، بلڈنگ کیسے بن گئی جواب دیں، بلڈر اور اپنے افسران کے خلاف کیا ایکشن لیا؟ ہمیں بتائیں، ایکشن کیوں نہیں لیا؟ ایس بی سی اے کے وکیل نے کہا کہ عمل درآمد کے لیے مزید مہلت دے دی جائے، عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کتنی مہلت دی جائے، عدالت نے ریمارکس دیے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر سینٹرل ایس بی سی اے عمل درآمد نہ کرنے پر وضاحت پیش کریں، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بتایا جائے، ایس بی سی اے کا کون سا افسر ذمہ دار ہے، اس ذمہ دار افسر کے خلاف کیا کارروائی عمل میں لائی گئی۔