جے ایس بینک پر جھوٹا الزام، اینکر پرسن کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

September 23, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عدالت نے جھوٹا الزام لگانے،بدنام کرنے اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مقدمے میں ملزم مبشر لقمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔ جے ایس بینک اور جے ایس سی ایل کی طرف سے جھوٹا الزام لگانے،بدنام کرنے اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مقدمے کی سماعت عقیل کریم ڈھیڈی ،مبشر لقمان ،افتخار شفیع ،محمدعلی اور خلیل مسعود کے خلاف ہوئی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی مسز فتح مبین نظام کی عدالت نے سماعت کی۔عدالت میں مدعی کے وکیل حاضر ہوئے ۔ملزمان عقیل کریم ڈھیڈی اور محمدعلی غیر حاضر تھے مگر ان کے وکیل پیش ہوئے اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے آخری مہلت دیتے ہوئے منظور کرلیا۔ملزم مبشر لقمان بھی غیر حاضر تھے مگر ان کے وکیل پیش ہوئے اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے مسترد کردیا اور ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیا۔ ملزم افتخار شفیع کا کیس پہلے ہی علیحدہ کیا جاچکا ہے،ان کے وکیل حاضر ہوئے اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔عدالت نے مقدمے کی سماعت 29ستمبر 2022تک فیصلے کے لیے ملتوی کردی۔