اسٹاک مارکیٹ، افواہوں سے سرمایہ کاروں میں بے چینی، 308 پوائنٹس کی کمی

September 24, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قرض ری اسٹرکچرنگ کی خبروں اور افواہوں سے سرمایہ کاروں میں بے چینی، اچانک فروخت بڑھنے سے کاروباری ہفتے کا اختتام بھی مندی پر ہوا ، کے ایس ای100انڈیکس میں 308 پوائنٹس کی کمی ، 56.05 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت کم ہو گئی ،سرمایہ کاری مالیت 32ارب 53 کروڑ 50 لاکھ روپے گھٹ گئی ،کاروباری حجم بھی 13.04 فیصد کم رہا، تفصیلات کےایک جانب مطابق ملک میں جاری سیاسی کشمکش کے باعث سرمایہ کارنئی سرمایہ کاری سے گریزاں ہیں تو دوسری جانب ملکی معیشت کے بارے منفی افواہوں کے باعث بھی صورتحال خراب ہو رہی ہے ،کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو ٹریڈنگ کے آغاز پر کچھ منتخب سیکٹرز میں خریداری سے مارکیٹ میں مثبت رحجان ریکارڈ کیا گیا اور انڈیکس 201 پوائنٹس کے اضافے سے 41ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیا لیکن پھر ایک عالمی ادارے کی جانب سے قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کی خبر سامنے آنے پر منفی افواہیں پھیل گئیں جس سے اچانک فروخت بڑھ گئی اور 100انڈیکس میں 413 پوائنٹس تک کی کمی ریکارڈ کی گئی تاہم اختتام پر کچھ ریکوری کے بعد کے ایس ای100انڈیکس 307.74پوائنٹس کی کمی سے 40620.21 پوائنٹس پر آکر بند ہوا، کے ایس ای30انڈیکس بھی 142.59پوائنٹس کی کمی سے 15212.94 پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 135.38 پوائنٹس کم ہو جانے سے 27831.15 پوائنٹس پر آگیا ،مارکیٹ میں مجموعی طورپر 314 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 106 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی ،176 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ اور 32 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ،مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 32ارب 53 کروڑ 50لاکھ 39ہزار روپے کی کمی سے 6689 ارب 71 کروڑ 40لاکھ 65ہزار روپے ہو گئی،کاروباری حجم کے لحاظ سے ہیسکول پیٹرولیم ،ٹی آر جی ،کے ۔الیکٹرک،سنرجی کو پاک اور ورلڈ کال سر فہرست رہے ۔